History of Namaz in Islam (Part 23): The Pulpit (اسلام میں نماز کی تاریخ - منبر (23
ناستک درانی، نیو ایج اسلام
19فروری، 2014
رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے دن ایک کھجور کے تنے کے پاس کھڑے ہوکر
خطبہ دیا کرتے تھے، آپ نے فرمایا: کھڑے رہنا میرے لیے مشکل ہوگیا ہے، تمیم
الداری رضی اللہ عنہ نے آپ سے کہا: میں آپ کے لیے ایسا منبر نہ بنواؤں
جیسا کہ میں نے شام میں بنتے دیکھا ہے؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے
اس معاملہ پر مسلمانوں سے مشاورت فرمائی، اکثریت نے اس کی حمایت کی، عباس
بن عبد المطلب رضی اللہ عنہ نے کہا: میرا ایک غلام ہے جس کا نام کلاب ہے وہ
اس کام میں سب سے ماہر ہے، تو آپ نے فرمایا: اسے یہ بنانے کا حکم دو، تو
انہوں نے اسے جنگل میں جھاو کے درخت کاٹنے بھیج دیا اور اس سے اس نے دو
سیڑھیاں اور ایک بیٹھنے کی جگہ بنائی اور اسے لا کر وہاں رکھ دیا جہاں یہ
آج رکھا ہوا ہے 1۔
سعد
الساعدی نے اپنے والد سے ایک اور خبر میں بتایا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ
وسلم جمعہ کے دن لکڑی کی چوکی پہ کھڑے ہوکر خطبہ دیا کرتے تھے، سعد کے والد
نے کہا میں اسے ہمیشہ سے دیکھا کرتا تھا، اور یہ چوکی ان کی جائے نماز کے
پاس ہوتی تھی اور آپ اس سے ٹیک لگایا کرتے تھے، آپ کے صحابہ نے کہا: اے
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم لوگ بڑھ گئے ہیں تو اگر آپ کوئی ایسی چیز
بنا لیں جس پر کھڑے ہوکر خطبہ دیں تو لوگ آپ کو دیکھ پائیں گے، آپ نے
فرمایا: جیسا تم لوگ چاہو، سہل نے کہا: مدینہ میں اس وقت صرف ایک ہی بڑھئی
تھا، میں نے اور اس بڑھئی نے خوب تگ ودو کی، بالآخر اس منبر کو جھاؤ کے
درخت سے کاٹ کر بنایا 2، یہی خبر اسی سند سے اس شکل میں بھی مروی ہے: نبی
صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے تین سیڑھیاں جنگل کے جھاؤ کے درخت سے کاٹی گئیں
3۔
یہ
بھی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک عورت کو کہلوا بھیجا
کہ: اپنے بڑھئی غلام کو حکم دو کہ وہ میرے لیے ایک تختہ بنائے جس سے میں
لوگوں سے بات کر سکوں، تو اس نے جنگل کے جھاؤ کے درخت سے یہ تین سیڑھیاں
بنائیں 4۔
No comments:
Post a Comment