Saturday, June 30, 2012

عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت :قسط 42, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت :قسط 42

اس صورتوں میں مرد کو اپنے عادات کی اصلاح کرنی چاہئے اور ان ہدایات پر کار بند ہونا چاہئے جو خاتمہ کتاب پر لکھی جائے گی۔ متاہل شخص کے لئے بالخصوص بدوضعی روسیاہی ہے اور شوہر کو محض بیوی کی دلجوئی اور خوشی کے لئے نہیں بلکہ خوف خدا سے بد چلنی سے بچنا چاہئے کہ اس سے زیادہ کوئی گناہ نہیں ہے۔ خانہ داری کی خوشی کو تباہ کرنے والا۔ بچوں کے لئے بدراہی کا نمونہ دکھانے والا ۔دنیا میں ذلیل وخوار اور آخرت میں عذاب دوزخ میں گرفتار کرنے والا شوہر کو غور کرنا چاہئے کہ جس لڑکی نے تمام دنیا سے ایک طرح کا قطع تعلق کر کے اپنے تئیں تمہارے سپرد کردیا ہے جو اب صرف تمہاری کہلاتی ہے جس کی قسمت کا فیصلہ تمہارے ہاتھ میں ہے جس نے تمہیں خود اس قدر اختیار دیا ہے کہ تم چاہو تو اس کو مار ڈالو چاہو تو اس کی جلادو۔ جو تمہاری خدمت ا س درد مندی سے کرتی ہے کہ دنیا میں کوئی نہ کرے گا جو تمہارے بچوں کو اس شفقت سے پالتی ہے کہ اورکوئی نہیں پال سکتا اور جو باوجود ان سب باتوں کے اپنے تئیں تمہاری کنیز اور تمہیں اپنا سرتاج کہتی ہے کون سی غیرت اور انسانیت اجازت دیتی ہے کہ ایسی عاجز مخلوق کو ستایا جائے اور اس مظلوم کا دل دکھایا جائے ۔تم بد وضعی اختیار کرو راس بیچاری کی امانت میں خیانت کرو۔ اور اس کا حق چھین کر باز اری عورت کو دو ۔ اس کے کلیجہ میں چھریاں مارد اور پھر ا س بیکس کی شکایت کرتے ہو کہ وہ ناخوش رہتی ہے کیا تم چاہتے ہو کہ اس کا دل انگاروں بر بھونو اور اس میں سے دھواں نہ نکلے ۔ اس کا دل چیر واور خون نہ بہے ۔ اس کا جگر چاک اور جان ہلاک کرو اور وہ اف نہ کرے۔

نئی تاکید ہے ضبط محبت کی وہ کہتے ہیں ۔جگر ہوتو فعال کیوں ہو دہن ہو تو زباں کیوں ہو ۔

ذرا دھیان سے تصور کرو ایک بے زبان کی کیفیت قلبی کا ۔ جب ایک جفا کا ر کسی کسی کو اپنی بیٹھک میں بلاتا ہے اور اپنی ولفگار رفیق سے اس کے لئے کھانا پکواتا ہے اور اپنا منہ اور عاقبت سیاہ کرتاہے اور وہ اشرف زادی اس حرامکاری کی جابرانہ اور کافر انہ حکموں کی تعمیل کررہی ہے۔ آنسو کی لڑی اس کی آنکھوں سےجاری ہے اور وہ اس بیدرو سفاک کے خون سے جلدی جلدی اپنی آنکھیں پونچھتی ہے کہ وہ کہیں دیکھ نہ لے اور ایسا ظاہر کرنا چاہتی ہے کہ چولہے کے دھویں سے آنکھوں سے آنسو نکلے ہیں ۔ ارے ظالم اس لڑکی کی آہیں نہیں ہیں جلے بھنسے دل کادھواں آنسو نہیں ہے ۔جگر پانی ہوکر آنکھوں کے راستہ سے بہ رہا ہے۔

http://www.newageislam.com/urdu-section/عورت-اور-ان-پر-مردوں-کی-جھوٹی-فضیلت--قسط-42/d/2250


No comments:

Post a Comment