Sunday, July 1, 2012

کیا اس طرح جمہوریت مضبوط ہوگی؟, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
کیا اس طرح جمہوریت مضبوط ہوگی؟

عرفان صدیقی

اگر سپریم کورٹ نے وہی کیا جوقوم کا بہت بڑا طبقہ چاہتا تھا، اگر سپریم کورٹ نے وہی کیا جس کیلئے پاکستان کا میڈیا سیل آواز اٹھارہا تھا ،اگر سپریم کورٹ نے وہی کیا جو عوام کے منتخب نمائندوں پر مشتمل پارلیمنٹ نے چاہا۔اگر سپریم کورٹ نے وہی کیا جو وفاق کےوکلا اور اٹارنی جنرل نے مانگا ،اگر سپریم کورٹ نے وہی کیا جس کا تقاضا اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین کرتا ہے اور اگر سپریم کورٹ نے وہی کیا جو تہذیب واخلاقیات او رعدل وانصاف کا پاس ولحاظ کرنے والی کسی بھی عدالت کو کرنا چاہئے تھا تو پھر یہ ہنگامہ سا کیو ں برپا ہے؟ اور اگر تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں ۔ اگر تمام مقدمات ٹھوس شواہد سےعاری اور بے بنیاد ہیں اگر تمام مقدمات کسی بھی عدالت کے سامنے نہیں ٹھہر سکتے تو پھر انگاروں پہ لوٹنے کی کیا ضرورت ہے ؟ اور اگر حکومت اپنے تمام تر تحکم کے ساتھ تخت وتاج پر قابض ہے اگر تمام چھوٹے بڑے ریاستی ادارے اس کے قبضہ قدرت میں ہیں اگر خود اس نے احتساب عدالتوں کے ججو ں کا تقرر کرنا ہے اگر خود اسی نے گواہ لانے ہیں ، اگر وہ خود ہی وکیل صفائی ہے تو پھر اس پر کپکپی کیوں طاری ہے اور وہ ہذیانی کیفیت میں کیوں مبتلا ہے؟اگر یہ سارے مقدمات سیاسی انتقام میں لتھڑا ہوا خس وخاشاک تھے اور کوئی اندورنی یا بیرونی عدالت کسی طرح کی سزا نہیں سنا سکتی تھی تو جمہوری او ر عوامی ساکھ رکھنے والی سب سے بڑی جماعت نےایک ایسے ڈکٹیٹر سے ہاتھ کیوں ملایا جو ذوالفقار علی بھٹو اورمحترمہ بے نظیر بھٹو کے بارے میں مکروہ تلخ نوائی کرتا رہا اور جس نے اپنی کتاب میں دونوں قومی رہنما ؤں کے بارے میں غلیظ زبان استعمال کی؟ اگر یہ سارےمقدمات ریگ ساحل پہ بنے نقش ونگار تھے جنہیں بے لاگ عدل کی کمزورسی موج اپنے ساتھ لے جاسکتی تھی توقومی تاریخ کے سیاہ روآمر کے ساتھ مذاکرات اور اندرونی وبیرونی قوتوں کی ضمانتوں کے ساتھ ایک ڈیل کی تہمت کیوں مول لی گئی؟ صدارتی انتخابات سے صرف ایک دن قبل پرویز مشرف نے یہ رسوائے زمانہ آرڈیننس کیوں جاری کیا اور آرڈیننس کے اجرا کے اگلے دن خلاف آئین صدارتی انتخابات کی حیا باختہ مشق کے دوران پیپلز پارٹی کیوں ایوانوں میں بیٹھی رہی جبکہ ساری اپوزیشن جماعتیں مستعفی ہوکر صدائے احتجاج بلند کررہی تھیں؟

http://www.newageislam.com/urdu-section/کیا-اس-طرح-جمہوریت-مضبوط-ہوگی؟/d/2272



No comments:

Post a Comment