Tuesday, June 26, 2012

خدا جانے سود اور محسود سے جان کب چھوٹے گی, Urdu Section,

Urdu Section
خدا جانے سود اور محسود سے جان کب چھوٹے گی

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین

آپریشن راہِ راست تو جاری ہےمگر یہ نہیں معلوم کہ کتنے گمراہ، راہِ راست پر آگئے ہیں البتہ مرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ضرور ہورہا ہے ... اور اب تو اس میں ‘‘راہ نجات’’ کی اتنی اونچی آواز بھی شامل ہوگئی ہے جو بہت دور کسی سرنگ میں دبکے ہوئے بیت اللہ محسود کی سماعتوں میں اعلانیہ یہ پیغام دے آئی ہے‘‘ کہ ہوشیار ہوجاؤ یا تو بھاگ جاؤ کیونکہ اب نشانے پر تم ہو’’....ویسے بھی چوپایوں کے دیکھنے اور سننے کی حس انسانوں سے زیادہ حساس ہوتی ہے اور انسان ،جو پایا کب بنتا ہے؟ اس فلسفے کو الاعراف کی 179ویں آیت میں خالق کائنات نے اس طرح سمجھایا ہے کہ ‘‘اور تحقیق ہم نے بہت سے جن اور انسان دوزخ کے لیے پیدا کیے ہیں، ان کے دل تو ہیں (مگر) وہ ان سے (حق گو) سمجھتے نہیں اور ان کی آنکھیں تو ہیں(مگر) وہ ان سے (حق کو) دیکھتے نہیں اور ان کے کان تو ہیں (مگر) وہ ان سے (حق بات) سنتے نہیں ، وہ تو چوپایوں کی طرح ہیں، بلکہ (ان سے بھی ) زیادہ گمراہ ہیں، ۔ یہی لوگ غافل ہیں’’...

بہتر ہوتا کہ غفلت کے مزے لوٹتے ہوئے ایسے غافلوں پر اچانک حملہ کیا جاتا ، مرنے کی خبر چھپنے سے پہلے چھپنے کی جگہ نہ ملتی، یہ بیج اسی طرح اچانک مرجاتے جس طرح مساجد ،امام بارگاہوں ،گذرگاہوں اور شاہراؤں پر نماز پڑھتے ، معمولات زندگی نمٹاتے پھر شام ڈھلتے ہی اپنے اپنے گھر کی طرف جاتے ہوئے بے ضرور بے گناہ شہر ی شہید ہوجاتے ہیں۔ انہیں بھی اسی درد کی شدت میں تڑپنا چاہئے جو ایک ماں کو اپنے جگر کے ٹکڑوں کے ٹکڑے دیکھ کر ہوتا ہے مگر ‘‘عقل مندوں’’ نے اپنی دانش اور فہم کے بل پر نادانی میں اس پر رحم کھالیا جس کی پیدائش ابلیس کے وہم وگمان میں بھی نہ تھی.... نہ جانے اس قوم کو سود اور بیت اللہ محسود سے کب چھٹکارا ملے گا؟... یہ وہ ‘‘امریکی عفریت’’ ہے جو خون پیتا ہے اور ڈالر کھاتا ہے ،اس کا مذہب طاقت، اختیار اور دولت ہے اور اس پر یہ کسی ‘‘کلمے ’’ کو ترجیح نہیں دیتا ....اپنے آقاؤں کی خواہش پر سرجھکاتے ہوئے اس نے ہمیشہ ‘‘مداخلت’’ کے حالات پیدا کیے ہیں، ڈالرز اس شقی سے کلام کرتے ہیں اور یہ کم ظرف ان ہی کے احکام پر بڑی وفاداری سے عمل کرتے ہوئے ‘‘طالب’’ کے روپ میں اسلام پر غالب آنے کی ایک غیر فطری کوشش کررہا ہے....اس زر خرید پتلے نے شجر سلامتی کی ہر اس شاخ پر نفرت کے وار کیے جن کو اغیار کبھی پھلتے پھولتے نہیں دیکھ سکتے....اس نے جہاد کوبدنام کیا ،شعائر اسلام پر انگلی اٹھوائی اور اسلاف کی تعمیر میں تخریب کے کچوے لگائے ....رفاعی پیغام کو اس نے دفاعی کنارےپر لا کھڑا کیا اور آج اس کی تشریح کے سبب یہود نصاریٰ کے ممالک میں اسلام کا نام لینے والے زکوٰۃ وخیرات کی ادائیگی سے بھی محروم کیے جارہے ہیں ....دین کے چوتھے رکن کی پاسداری کرنے والوں سے طرح طرح کے سوالات کیے جارہے ہیں اور زکوٰۃ کے منتظر غریب رشتے دار اور مستحق قرابت دار اپنی آنکھیں دہلیز پر رکھے خوشیوں کی راہ تک رہے ہیں۔

http://www.newageislam.com/urdu-section/خدا-جانے-سود-اور-محسود-سے-جان-کب-چھوٹے-گی/d/1484


No comments:

Post a Comment