Tuesday, June 26, 2012

کدھر جارہا ہے مسلم معاشرہ, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section

کدھر جارہا ہے مسلم معاشرہ

نسیم اختر شاہ قیصر

مسلمان کو اس دنیا میں اس لیے بھیجا گیا تھا کہ وہ ایک سماج اور معاشرہ کی تشکیل کا کام انجام دے جہاں صلاح ونیکی کا غلبہ ہو ،خدائی حاکمیت کا جذبہ موجود ہو اور وہ فرد کی اصلاح سے لے کر خاندان اور معاشرہ کی بہتری اور فلاح کے لیے مستعدہو ان رسومات کو ختم کرنے میں معاون ہو جس نے ہماری سماجی اور معاشرتی زندگی کی بنیادیں ہلادیں ہیں۔ یہ پیغام عام تھا اور بغیر کسی تخصیص کے سب کو یہ ذمہ دار ی نبھانی تھی۔ پھر وہ طبقہ ہے جسے اللہ نے قرآن وحدیث کی سمجھ عطا فرمائی ہے اور دینی علوم سے نوازا ہے کہ وہ آگے آئے اور ان برائیوں کے خلا ف نبرد آزما ہو جو ہر گذرتے دن کے ساتھ ہماری تشخص ہم سے چھین رہی ہیں اور ہماری شناخت کو متاثر کررہی ہیں جس تندہی اور دورمندی کے ساتھ اس سمت میں چلنا چاہئے تھا وہ دور دور تک نظروں سے اوجھل ہے۔ گوکہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے کاموں میں ایک اہم اور بنیادی کام اصلاح معاشرہ کا بھی ہے۔ دیگر تنظیمیں اور جماعتیں بھی وقتاً فوقتاً ایسے پروگرام اور کانفرنسیں کرتی رہتی ہیں مگر اس کے اثرات دیکھنے میں نہیں آتے، یہ ایک افسوسناک پہلو ہے جس پر فوری توجہ دینے اور عملی اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔

جس طرح مدرسوں کا قیام عمل میں آیا اوردینی تعلیم کے ہزاروں مراکز اور مدارس قائم ہوگئے تبلیغ دین کے لئے تبلیغی جماعتوں نے شہروں ،قصبات اور دیہاتوں میں پہنچ کر محنت کی اور برسوں سے وہ اس کام میں لگی ہوئی ہیں اب اسی طرز پر اصلاح معاشرہ کی ضرورت سامنے آکھڑی ہوئی ہے۔ آج مسلم معاشرہ جس سنگین صورت حال سے دوچار ہے اس سے چشم پوشی کی گنجائش قطعی ختم ہوگئی ہے۔حالات روز بگڑرتے جارہے ہیں اور رسومات نے مسلم معاشرہ کو جاں کنی میں مبتلا کردیا ہے۔ نجات کی کوئی صورت سامنے نہیں ہے۔ حالاں کہ اس کی سنگینی اور خرابی کا اعتراف سبھی کرتے ہیں مگر کوئی ایسی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آنے کی توقع ہو۔ جو ا، سٹہ، شراب نوشی، سود جیسی بیماریاں تیزی کے ساتھ مسلم سماج کے جسم میں زہربن کر دوڑ رہی ہیں جس سے اس کی قوت فکر وعمل ہی متاثر نہیں ہوئی بلکہ بے حسی نے اسے ایسے مقام پر لاکھڑا کیا ہے جہاں انہیں وہ اب حرام بھی نہیں سمجھتا اور مسلسل عمل نے اس کی برائی کو بھی اس کے دل سے مٹادیا ہے ۔ یہ ایک تشویشناک پہلو ہے۔

http://www.newageislam.com/urdu-section/کدھر-جارہا-ہے-مسلم-معاشرہ/d/1492


No comments:

Post a Comment